وزیراعظم شہباز شریف نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کرکے بنوں آپریشن میں زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کی عیادت کی اور فوجیوں کی جرات اوربہادری کوخراج تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اِس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج کی بےمثال قربانیوں کو ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہشت گردوں اور اُن کے ہمدردوں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنے کیلئے بھی پُرعزم ہیں۔ ریاست کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی۔
گزشتہ روز آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بنوں آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کی عیادت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا ۔ سپہ سالار نے جوانوں کے بلند حوصلوں کی تعریف کی اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران ان کے پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔