کراچی(امت نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری خدشہ ظاہر کیا ہے کہ قبل از وقت انتخابات ہوئے تو اداروں میں موجود سہولت کار عمران خان کو انتخابات جتوا سکتے ہیں۔
امریکا سے پاکستان واپسی سے قبل پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ عمران خان انتخابات کا مطالبہ اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں جب تک ان کے سہولت کار اداروں میں موجود ہیں اس وقت تک انتخابات ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت میں تبدیلی کے بعد اب شاید وہاں عمران خان کے سہولت کار موجود نہ ہوں کیونکہ اب ادارے کی پالیسی بن چکی ہے کہ وہ متنازع نہیں آئینی کردار ادا کریں گے۔لیکن دوسرے ادارے ہیں، اگر انتخابات وقت پر ہوں گے تو وہاں سے بھی عمران کے سہولت کار چلے جائیں گے، اگر الیکشن وقت پر نہیں ہوں گے تو وہاں پر عمران کے سہولت کار رہیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان ان اداروں میں بیٹھے سہولت کاروں سے امید رکھ رہے ہیں کہ اس ادارے میں بیٹھے لوگ ان کے خلاف کیسز میں انہیں بچائیں گے، اس ادارے میں بیٹھے لوگ شاید اتنے نیوٹرل نہ رہیں اور قبل از وقت انتخابات میں عمران خان کو دھاندلی کی صورت میں سپورٹ دیں، اس لیے میرا مؤقف ہے کہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے گی