اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پابندی کیخلاف احتجاج پر خواتین گرفتار

افغانستان(اُمت نیوز)کابل میں طالبان حکومت کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے والی خواتین کے ساتھ ساتھ 3 صحافیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے
خواتین نے پابندی کے باوجود یونیورسٹیوں میں داخلے کی بھی کوشش کی تاہم یونیورسٹیوں پر تعینات گارڈز نے داخلے سے روک دیا تھا۔
واضح رہے کہ افغان وزارت اعلیٰ تعلیم کے وزیر نے لیٹر جاری کرتے ہوئے تمام نجی اور سرکاری جامعات کو تاحکم ثانی خواتین کی تعلیم معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔
وزارت اعلیٰ تعلیم کا کہنا تھا کہ ان کے علماء کی جانب سے یونیورسٹیوں کے نصاب اور ماحول کا جائزہ لیا گیا ہے اور لڑکیوں کیلئے مناسب ماحول کے قیام تک لڑکیوں کی یونیورسٹیوں میں حاضری پر پابندی لگائی گئی ہے۔
افغان وزیر تعلیم برائے اعلیٰ تعلیم ندا محمد ندیم نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےکہا تھا کہ لڑکیوں کے یونیورسٹیوں میں داخلے پر پابندی اس وجہ سے لگائی جا رہی ہے کہ وہ یونیورسٹی میں ڈریس کوڈ پر عمل نہیں کرتی ہیں، وہ ایسے کپڑے پہن کر یونیورسٹی جاتی ہیں جیسے شادی پر جا رہی ہوں۔