کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نئی انتظامیہ نے چیف سلیکٹر محمد وسیم کو برطرف کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نجم سیٹھی کی سرپرستی میں بننے والی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے محمد وسیم کو برطرف کر دیا،انہیں ای میل کے ذریعے عہدے سے ہٹانے کی اطلاع دی گئی جبکہ 2019کے آئین کے تحت بننے والی تمام کمیٹیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار کلین سوئپ شکست کے بعد چیف سلیکٹر محمد وسیم کو برطرف کردیا گیا، یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کا چارج سنبھال چکے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پی سی بی 2019ء کے آئین کو منسوخ کرنے اور نجم سیٹھی کی سربراہی میں 14 رکنی کمیٹی کو محکمانہ ڈھانچے کی بحالی پر کام کرنے کے مکمل اختیارات دینے کے بعد رمیز راجا اوران کے بورڈ کو ہٹا دیا تھا۔