جام شہادت نوش کرنےوالے ہیڈکانسٹیبل کیلئے تمغہ شجاعت کا اعلان

اسلام آباد(امت نیوز) وزیرداخلہ راناثنااللہ نے وفاقی دارالحکومت کو دہشت گردی کے بڑے حملے سے بچانے کی کوشش میں جام شہادت نوش کرنےوالے ہیڈکانسٹیبل عدیل حسین کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے

عدیل حسین نےغیر معمولی جراٗت و بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا جس کاریاستی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے یہ اعزاز عطا کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ شہید عدیل حسین کی بیوہ کو فوری طور پر مکمل شہدا پیکج دے رہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ شہید کی بیوہ کو اسلام آباد پولیس میں بھرتی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء پیکج کے تحت ایک کروڑ 65 لاکھ روپے نقد دئیے جائیں گے، اس کے علاوہ ایک پلاٹ بھی دیا جا رہا ہے جب کہ عدیل حسین شہید کی مدت ملازمت کی تکمیل تک پوری تنخواہ بھی بیوہ کو ادا کی جاتی رہے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ شہید کے بچوں کی تعلیم اور شادی کے اخراجات بھی سرکاری طور پر ادا کئے جائیں گے۔