کراچی (امت نیوز)پاکستان میں ٹیلی کام انڈسٹری نے موبائل فون کی سم کی تصدیق کا مزید مؤثر طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت اب ایک سے زائد انگلیوں کے نشانات سسٹم میں فیڈ کیے جائیں گے۔
جمعے کو سیلولر موبائل آپریٹرز اور نادرا نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر میں ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے بعد نیا نظام لاگو کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ملٹی فنگر بائیومیٹرک ویریفیکیشن سسٹم (ایم بی وی ایس) کے آنے کے بعد اب سیلولر موبائل آپریٹرز کسی بھی صارف کو سم بیچتے وقت اس کی تصدیق صرف انگوٹھے سے نہیں کر سکیں گے بلکہ دوسری انگلیوں کے نشانات بھی مشین پر ثبت کرنا پڑیں گے۔
قبل ازیں موبائل فون کی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے پاس بی وی ایس ڈیوائسز تھیں جن کا رابطہ نادرا کے ریکارڈ کے ساتھ تھا اور صرف انگوٹھے کا نشان لگا کر سم خریدی جاتی تھی۔
پی ٹی اے کے مطابق کمپنیوں کے پاس موجود بی وی ایس ڈیوائسز کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے اور اب انگوٹھے اور انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کی جا سکے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اب یہ سیلولر موبائل آپریٹر کے نمائندے کی مرضی نہیں ہوگی کہ وہ صارف سے انگوٹھے یا انگلی کے نشان کا تقاضا کرے بلکہ سسٹم بتائے گا کہ کون سی انگلیوں کے نشانات ثبت کیے جائیں۔
’اس طریقے سے جعلی ناموں پر سم حاصل کرنے کی حوصلہ شکنی ہو گی اور صارفین کے ڈیٹا اور فون سم کے استعمال کو محفوظ بنایا جا سکے گا