ہمارا اصل ہدف کچھ اور ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (امت نیوز)اسپیکر پنجاب اسمبلی  سبطین خان نے کہا ہے کہ عدالت میں بیان حلفی اس لیے جمع کرایا کہ ہمارا عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ کے بعد اصل ہدف کچھ اور ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سبطین خان نے کہا کہ گورنر اور میرے درمیان جھگڑے میں پرویز الہیٰ پر نزلہ گرایا جارہا ہے۔تین دن سے جو کہہ رہا تھا وہ سچ ثابت ہوا،  گورنر اپنے اختیارات سے بڑھ کر کام کررہے ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی  نے کہا کہ میرا اور گورنر کا جھگڑا چل رہا ہے، جب میرا گورنر سے مسئلہ ختم ہوگا تو ہی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا، اس جھگڑے میں چوہدری پرویز الہی پر ایسے ہی نزلہ گرایا جارہا ہے۔

سبطین خان نے کہا کہ آرٹیکل 130 کی شق 7 میں کہا گیا ہے کہ گورنر نیا اجلاس بلائیں گے جس میں اعتماد کے ووٹ کا کہا جائے گا، پہلے انہوں نے عدم اعتماد بھیجی جب میں نے ٹی وی پر نقطہ اٹھایا تو آج صبح تحریک واپس لے لی جبکہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر والی عدم اعتماد اپوزیشن نے واپس نہیں لی۔

 اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عدالت میں بیان حلفی اس وجہ سے دینا پڑا کہ جب اعتماد کا ووٹ اور عدم اعتماد ختم ہو تو ہمارا اصل ٹارگٹ کچھ اور ہے۔ صدر کو بھجوانے کے لئے ہمارا لیٹر تیار تھا جب اڑھائی بجے کام ہوگیا تو ہم عدالت گئے، میں جلد بازی نہیں کرتا اور مجھےخدشہ تھا کہ ہمارا صدر کو لکھا خط رکاوٹ نہ بن جائے۔
خط روکنے کی وجہ یہ بھی تھی کہ عدلیہ کا فیصلہ سنائے تو پھر خط بھجوایا جائے۔