سیالکوٹ :وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مجھےگاڑی میں بٹھا کر پرویز الہٰی نے کہا کہ تمہارا نواز شریف سے اچھا تعلق ہے، آج ہی فون کرنا اور کہنا ہم سے ماضی میں بہت لغزشیں ہوئیں، یہ صبح پی ٹی آئی میں چلے گئے یہ اب کہیں اور چلے جائیں گے، شاید ریورس گیئر لگا لیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست میں کبھی نازیبا الفاظ کا استعمال نہیں کیا، ہمیں سیاسی جنگ ان کی سطح پر آ کر نہیں لڑنی، پہلے سیاسی جنگ ذاتی رابطوں سے لڑی جاتی تھی، آج کل یہ سوشل میڈیا پر لڑی جا رہی ہے، ہم نے یہ جنگ وقار اور سیاسی روایات کے ساتھ لڑنی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آج ایک شخص کہتا ہے کہ نیب اس کے کنٹرول میں نہیں تھا، اسے جنرل باجوہ کنٹرول کرتے تھے، تو پھر وہ بتائے کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کو کس نے قید کیا تھا اور خواجہ آصف کو کس نے گرفتار کیا تھا؟
وزیرِ دفاع نے کہا کہ ہم صاف ستھری روایات کے امین ہیں، بدترین مخالفین کے لیے بھی نواز شریف کی طرف سے نازیبا الفاظ ادا ہوتے نہیں دیکھے، ہم گالی گلوچ والی جماعت نہیں، نواز شریف نے اپنے معاملات اللّٰہ تعالیٰ کے حوالے کر دیے، آج ان کے بھائی وزیرِ اعظم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو بھرپور طریقے سے ڈیولپ کرنا ہو گا، حالات بڑے مخدوش اور فکر مندی والے ہیں، گالم گلوچ کی سیاست کا کلچر بند ہونا چاہیے، خواجہ آصف کو نیب نے گرفتار کیا تھا؟ تو کس کے کہنے پر گرفتار کیا تھا؟ نواز شریف اور ان کے خاندان کو کس نے قید کیا تھا؟۔