کراچی میں 20 کلو آٹے کاتھیلا 2500روپے کی بلند ترین سطح پر

کراچی میں آٹے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا اور 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 500 روپے کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات (پی بی ایس)کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ایک ہفتے میں آٹے کا 20کلو کا تھیلا 100روپے تک مزید مہنگا ہوا ہے۔حساس قیمت انڈیکس کے مطابق 22دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے سب سے بڑے شہر میں فی کلو آٹا 125روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جس کی قیمت اسلام آباد اور پنجاب کے مقابلے میں تقریبا 100فیصد زیادہ ہے۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی، حیدرآباد اور کوئٹہ میں آٹے کے 20کلو کے تھیلے کی قیمت میں 100روپے کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بالترتیب 2ہزار500، 2ہزار420اور 2ہزار 320روپے ہوگئی ہے۔اسی طرح بنوں، پشاور، لاڑکانہ اور سکھر میں آٹے کا 20کلو کا تھیلا بالترتیب 40روپے ، 70روپے، 50روپے اور 40روپے مہنگا ہوا۔ دوسری جانب اسلام آباد اور پنجاب میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت m1295روپے ریکارڈ کی گئی۔