دہشت گردی کا ناسور پھر سے جنم لے رہا ہے، شہباز شریف
پیر 26 دسمبر 2022, 7:45 شام
|, اہم خبریں
ڈی آئی خان (امت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں دہشت گردی کے واقعات نے دوبارہ جنم لیا ہے، اس ناسور کو کچلنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
وزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جن میں نیا ایئر پورٹ اور ڈی آئی خان ژوب موٹر وے کی تعمیر کے علاوہ دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے آئندہ دو تین دنوں میں ایک جامع اجلاس بلا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے حراستی مرکز میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پر فوج، ایس ایس جی اور پولیس کو مبارکباد پیش کرتے ہیں
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے صوبائی حکومتیں، وفاق اور تمام ادارے مل کر تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور اس کی بیخ کنی کرنا ہو گی تاکہ پاکستان میں دوبارہ امن لوٹ آئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کئی سال امن رہنے کے بعد بھتہ خوری، رات کو لوگوں کو تنگ کرنا اور یرغمال بنانے کا فتنہ دوبارہ سے جنم لے رہا ہے۔ اس کا خاتمہ ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کیا اور ترقیاتی منصوبوں کو سردخانے میں ڈال دیا۔کہا کہ مجھے بھی اس قدر اندازہ نہیں تھا کہ معیشت کس قدر تباہ ہو چکی ہے۔ ملک دیوالیہ ہونے جا رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے چین سمیت دیگر برادر ملکوں کے سربراہوں کو اس قدر ناراض کر دیا تھا کہ نئی حکومت کے آنے کے بعد سے دوطرفہ تعلقات میں ابھی تک صرف برف پگھلی ہے۔