اسلام آباد(امت نیوز)سعودی عرب نے پاکستان کو سیلاب کے بعد تعمیرنو اوربحالی کوششوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو نے سعودی ہم منصب سے ٹیلی فون پررابطہ کرکےسیلاب زدگان کی امداد پران کا شکریہ ادا کیا اور سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ سعودی وزیرخارجہ نے سیلاب کے بعد تعمیرنو اوربحالی کوششوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر خارجہ نے شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کو جنیوا میں موسمیات پر بین الاقوامی کانفرنس سے آگاہ کیا۔موسمیات پر جنیوا میں پرعزم پاکستان کانفرنس 9جنوری کو ہورہی ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور افغانستان میں خواتین کے حقوق کی ضمانت، تمام شعبوں میں بھرپور اور مساوی شرکت کی ضمانت کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
ترجمان کے مطابق پاک سعودی وزرائے خارجہ نے افغانستان میں سکیورٹی،استحکام اور امن کی حمایت کا اعادہ کیا اور افغان عوام کے پائیدار مستقبل کے لیے عالمی برادری کی شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔