اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں31دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے،انتخابات کا شیڈول بھی منسوخ کر دیا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق پی ٹی آئی کی اپیل پرحکومت کو نوٹس جاری کردیا، بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ روکنے کی درخواست مسترد کردی،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں الیکشن کمیشن ایک آزاد ادارہ ہے،عدالت نے کہاکہ وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کل تک جواب جمع کرائیں ۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسلام آباد بلدیاتی الیکشن 31 دسمبر کو کرانے کی پی ٹی آئی اپیل پر سماعت ہوئی،جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سماعت کی،پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو چیلنج کر رکھاہے ، پی ٹی آئی کی جانب وکیل سردار تیمور اسلم عدالت میں پیش ہوئے جبکہ حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد محمود کیانی پیش ہوئے۔
وکیل سردار تیمور اسلم نے کہا کہ اسی معاملے میں پہلے بھی آپ کا فیصلہ موجود ہے ، پی ٹی آئی وکیل نے جسٹس محسن اختر کیانی کا پرانا فیصلہ پڑھا،وکیل پی ٹی آئی نے کہا اس عدالت نے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کالعدم قرار دیاتھا۔
پی ٹی آئی وکیل نے کہاکہ یوسیز کی تعداد50 سے 101 کردی گئی اور الیکشن ملتوی ہو گئے ،جون میں بھی الیکشن شیڈول تھا، حکومت نے یوسیز کی تعداد بڑھا دی تھی ، ابھی 11 دن پہلے حکومت نے یوسیز کی تعداد101 سے 125کردی ،وکیل تیمور اسلم نے کہاکہ الیکشن کمیشن شیڈول کا اعلان ہو چکا ہے، تمام تیاریاں مکمل ہیں ۔
دوران سماعت اسلام آباد بلدیاتی الیکشن سے متعلق سابق چیف جسٹس اطہر من اللہ کا فیصلہ پڑھاگیا۔وکیل درخواست گزارنے کہاکہ پولنگ ڈے کا اعلان ہو چکاہے، ریٹرننگ آفیسرز الیکشن کمیشن عملہ تیارہے،
وکیل تیمور اسلم نے کہاکہ 222 ملین پاکستان کی آبادی ہے تو 205 ملین صرف اسلام آباد کی کیسے ہے،عدالت نے حیرانگی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ 205 ملین صرف اسلام آباد کی؟وکیل نے کہاکہ جو سمری منظور کرائی گئی اس میں لکھا ہے 205 ملین۔
وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ اسی حکومت نے 6 ماہ پہلے آبادی کے لحاظ سے 101 یوسیز کیں ،اب 125 کر دیں ،6 ماہ اتنی آبادی بڑھ گئی، حکومت نے فوری 125 یوسیز کردیں، وفاقی حکومت نے 20 دسمبر کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج نہیں کیا،فیصلہ ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی نے ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے چیلنج کیا۔
عدالت نے کہاکہ اگر الیکشن کمیشن انتخابات نہ کرائے تو کیا یہ عدالت حکم دے سکتی ہے ؟پہلے گزشتہ حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے کو تیار نہیں تھی اب یہ حکومت نہیں چاہتی ۔
اسلام آبادہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات اپیل پر حکومت کو نوٹس جاری کردیا،پی ٹی آئی وکیل کی جانب سے الیکشن کمیشن کو آج فیصلہ سنانے سے روکنے کی بار بار استدعاکی گئی،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ اس حکومت نے بھی کہا لیکن الیکشن نہیں کرایا۔
عدالت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ روکنے کی پی ٹی آئی کی درخواست مستر دکردی، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں الیکشن کمیشن ایک آزاد ادارہ ہے،عدالت نے کہاکہ وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کل تک جواب جمع کرائیں ۔