عمران خان اسمبلیوں میں واپس آجائیں، چوہدری شجاعت کا مشورہ

اسلام آباد(امت نیوز)مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت نے بھی عام انتخابات کے مقررہ وقت پر انعقاد کی حمایت کردی، ساتھ ہی عمران خان کو اسمبلیوں میں آنے کا مشورہ بھی دے ڈالا ۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری شجاعت نےکہاکہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے اور آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔

چوہدری شجاعت نے سوال کیا کہ کیا انتخابات مہنگائی بیروزگاری کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں؟ سب پارٹیوں کی بات چھوڑ کر پاکستان کی بات کریں، پاکستان کی بات ہوگی تو پارٹیاں رہیں گی اور چلیں گی، اگر ہم سمجھے نہیں تو نہ ملک چلے گا اور نہ پارٹیاں چلیں گی۔

چوہدری شجاعت نے زور دیا کہ عمران خان سمیت سب کو اسمبلی میں واپس آنا چاہیے، کیونکہ عوام نے انہیں منتخب کرکے بھیجا ہے وہ دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے نمائندے کیا کررہے ہیں، اگر انہوں نے صرف تنخواہ اور دیگر مراعات لینی ہیں تو اس کا کچھ فائدہ نہیں ہے۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ میں نے اپنی پارٹی کو کہا ہے کہ اپنی نہیں پاکستان کی بات کی جائے،  بہت سی طاقتیں پاکستان کو تباہ کرنا چاہتی ہیں، وہ طاقتیں خطہ میں بھارت کی بالادستی چاہتی ہیں، دشمن ممالک کے سامنے اپنا ریٹ بڑھانے والوں کے خلاف سخت رویہ اختیار کیا جانا چاہیے۔

چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ نہ فوج نے آنا ہے نہ کسی اور نے آنا ہے، اگر یہ وقت گزر گیا تو پھر کسی کے ہاتھ نہیں آئے گا، ہم سب پاکستان کے لیے کام کریں گے تو بچ جائیں گے، اگر ہم اکٹھے نہ ہوئے تو سب کی تباہی ہوگی۔

چوہدری شجاعت نے مزید کہا کہ ہم سمجھ جائیں گے تو آئی ایم ایف پیسے دے گا، اگر ہم نے سیاست کو نہ سنبھالا تو ایک پیسہ نہیں آئے گا۔