اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جب بھی اسپیکر سے ملنے جاتے ہیں تو وہ فرار ہو جاتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر بیٹھ گئے ہیں اور حکومت میں آ کر انہوں نے اپنے مقدمات ختم کیے جبکہ ہمارے اراکین نے ایوان میں کھڑے ہو کر استعفے دیئے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اراکین کو استعفوں کے بعد کوئی تنخواہ اور مراعات نہیں ملیں اور ہم جب بھی اسپیکر سے ملنے جاتے ہیں وہ فرار ہو جاتے ہیں۔ اسپیکرنے پی ٹی آئی اراکین کو کل ملاقات کے لیے آنے کو کہا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کو افغانستان کے حالات کا پتہ ہی نہیں ہے اور اگر افغانستان کے حالات خراب ہوئے تو اثرات یہاں بھی آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ساری کابینہ بیرونی دوروں پر گئی ہوئی ہے جبکہ موجودہ حکومت میں ملکی معیشت مکمل تباہ ہو گئی ہے۔ ملکی مسائل کے حل کے لیے الیکشن میں جانا پڑے گا۔
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں فیصلے کرنے والے لوگ مزید تجربے کرنا بند کریں، اگرآپ کسی پر بم یا مزائل حملہ کریں گے تو وہ بھی جواب دے گا، ہم مزید تجربوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں عدالتی نظام رہ ہی نہیں گیا، ملک میں اس وقت ڈالر نہیں ہیں، پہلے ڈالر نہیں مل رہا تھا اب سونا ملنا مشکل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام وزراء بیرون ملک دوروں پر رہتے ہیں، بلاول بھٹو صاحب طیارے پکڑ کر واشنگٹن چلے جاتے ہیں، وزیراعظم کے چائنہ دورے پر 43 لوگ ہمراہ گئے، چھوٹے لوگ کرسیوں پر بیٹھ گئے ہیں جس کی وجہ سے اداروں کا احترام نیچے آگیا ہے۔