اورنگی ٹاؤن میں 1.3 اور قائد آباد میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔فائل فوٹو
اورنگی ٹاؤن میں 1.3 اور قائد آباد میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔فائل فوٹو

کراچی میں سردی بڑھنےکی پیش گوئی

کراچی(امت نیوز)شہر قائدکے باسی گرم کپڑے نکال لیں،محکمہ موسمیات نے اگلے تین دن کے دوران سردی بڑھنے کی پیشگوئی کردی ہے

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران شہر میں مختلف سمتوں کی ہوائیں چل سکتی ہیں، صبح سے شمال مشرق اور مشرقی جب کہ شام کے وقت جنوب مغرب اور مغربی سمت کی ہوائیں چلنے کا امکان ہے، اس دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

جمعے کو شہر میں دن بھر سمندری ہوائیں غیرفعال رہیں، 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بلوچستان کی یخ بستہ ہوائیں چلیں اسی لیے آج سے درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔

شہر میں بلوچستان کی شمال مشرقی ہواؤں کے اثرات کی وجہ سے خنکی میں پھر اضافہ ہوگیا، جمعے کو کم سے کم پارہ 16 ڈگری ریکارڈ ہوا تاہم دن کے وقت ہواؤں کی رفتار میں معمولی اضافے کی وجہ سے موسم خشک اور خنک رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو شہر میں سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں مکمل طور پر بند رہیں، دوپہر کے وقت بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں چلیں، جس کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں جب کہ شام کے وقت مغربی سمت کی ہوائیں چلیں۔