بلدیاتی الیکشن نہ کرانے پر پی ٹی آئی عدالت پہنچ گئی

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی الیکشن نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کی جانب سے دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن  نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق گزشتہ روز کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا ، الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باجود دارالحکومت میں آج بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ نہیں ہوسکی۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں آج بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

وفاقی حکومت نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے لیے فوری سیکیورٹی کے انتظامات سے معذرت کی تھی  جبکہ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بھی 31 دسمبر کو الیکشن کا انعقاد ناممکن قرار دیا تھا۔