اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل واپس بھجوا دیا،صدر مملکت نے بلدیاتی ترمیمی بل پر دستخط نہیں کیے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے بل کے ذریعے اسلام آباد میں یونین کونسلزکی تعداد125 کی گئی تھی ،ایوان صدرکاکہناہے کہ بل سے بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر ہوگی ،وفاقی حکومت کے عجلت میں اٹھائے گئے اقدام سے انتخابی عمل میں 2 بار تاخیر ہوئی ،انتخابی عمل میں 2 بار تاخیر جمہوریت کیلیے مثبت نہیں ۔
ایوان صدر نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کے غلط اقدامات سے اسلام آباد آباد میں انتخابات نہیں ہوسکے ،الیکشن کمیشن نے 31 جولائی کو مقامی حکومت کے انتخابات کا فیصلہ کیا،پولنگ تاریخ کے اعلان کے باوجود وفاق نے یوسز کی تعداد101 کردی ، یوسیز کی تعداد50 سے 101 کرنے کے نتیجے میں انتخابات التوا کا شکار ہوئے ،101 یوسیز کی حد بندی کے بعد الیکشن کمیشن نے 31 دسمبر کو انتخابات کا فیصلہ کیا۔
موجودہ بل کا سیکشن 2 اسلام آباد میں 125 یوسیز کا ذکر کرتا ہے ، موجودہ بل کے باعث31 دسمبر کو انتخابات دوبارہ ملتوی کردیے گئے ،ایوان صدر نے کہاکہ بل کے سیکشن 3 کے مطابق میئراور ڈپٹی میئر کے انتخابات کا طریقہ کار تبدیل کردیاگیا۔