فائل فوٹو
فائل فوٹو

عمران خان محسن کش انسان ہیں۔ایاز صادق

لاہور:وفاقی وزیر برائے اقتصادی امورو قانون اور مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان نے اداروں کو غیر مستحکم کرنے کے لیے سازش کا ڈرامہ رچایا۔

وفاقی وزیر ایاز صادق نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ عمران خان محسن کش انسان ہیں ، تحریک انصاف کی چار سالہ کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، جہانگیر ترین،علیم خان اورعون چوہدری نے عمران خان کے لیے بہت کچھ کیا،عمران خان نے ہر ایک کو ڈسا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے، عمران خان نے اپنی کرسی کو استعمال کرکے لوگوں کو حراست میں لیا، عمران خان نے جب کیسز بنائے ایک بھی وعدہ معاف گواہ نہیں بنا ، اب ان کیخلاف وعدہ معاف گواہوں کی لمبی لائن ہے۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جھوٹ عوام کے سامنے کھل کر آچکے ہیں ، عمران نیازی کے 4 سال نے ملک برباد کر دیا، یہ لوگ عمران خان کو الیکٹ نہیں کروا سکے تو سلیکٹ کروا دیا۔

وفاقی وزیر نے چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ تحائف بیچے جس سے ملک کی بدنامی ہوئی، انہوں نے توشہ خانہ سے سستی گھڑی لے کر کروڑوں میں بیچی ، وہ گھڑی قوم کی امانت تھی، عمران خان کی جو آڈیوز آئیں کیا ریاست مدینہ والے ایسی باتیں کرتے ہیں، یہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک ،عوام اور اسٹیبلشمنٹ کو بیوقوف بنایا، پرویز الہٰی عمران خان کے وکیل بنے ہوئے ہیں، پی ڈی ایم عمران خان کی نفرت کی وجہ سے بنی، تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ میں اسرائیل اور بھارتیوں سے پیسے لیے، پوچھنے پر کہتے تھے پیسے نہیں لئے لیکن سٹیٹ بینک نے تفصیلات جاری کردیں۔

سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ یہ چاہتے ہیں کسی طرح یہ حکومت چلی جائے، عمران خان چاہتے ہیں کسی طرح این آر او مل جائے ، تحریک انصاف کو 2018 میں جو بیساکھیاں میسر تھیں اب وہ دستیاب نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کے لیے کوئی بندے توڑکرنہیں لائے گا، عمران خان اب کیسز بھگتنے کی تیاری کرو آپ کو شکست فاش ہو گی۔