مکہ مکرمہ:موجودہ سال کے جمادی الاول کے مہینے میں صدارت عامہ برائے مسجد حرام و مسجد نبویﷺ نے اپنے ڈیٹا کے ذریعے انکشاف کیا ہے کہ ایک معتمرکو مطاف سے لے کر سعی کے اختتام تک کے مناسک ادا کرنے میں اوسط 92 منٹ لگتے ہیں۔
صدارت عامہ نے بتایا کہ اس کے ڈیٹا کے مطابق سعی کا اوسط دورانیہ 42 منٹ تھا، طواف کے بعد سعی تک جانے میں اوسط 11 منٹ لگے اور طواف کرنے میں اوسط 39 منٹ صرف ہوئے۔
صدارت عامہ برائے مسجد حرام و مسجد نبوی نے اپنے ٹویٹر پر کہا کہ عمرہ کے سفر کے آغاز سے لے کر آخر تک کل اوسط 92 منٹ لگتے ہیں۔
یاد رہے عمرہ کیلیے احرام باندھنا شرط ہے۔ طواف کرنا عمرہ میں فرض ہے، صفا اور مروہ کے درمیان سعی کرنا واجب اور حلق یا قصر کرانا بھی واجب ہے۔