اقتصادی دہشتگردوں کیلئے زیروٹالرنس پالیسی ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے دہشت گردوں کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی۔ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس اور تشدد کا سہارا لینے والے ہر فرد اور ہر ادارے کے خلاف کارروائی ہوگی، پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر اعظم شہبازشریف نے اپنی ٹوئٹ میں گزشتہ روز ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سےمتعلق آگاہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے کئی گھنٹوں کے غور و خوض کے بعد دو بڑے فیصلے کیے ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے متعلق وزیر اعظم نے بتایا کہ ملک میں امن وامان کےقیام پر کوئی سمجھوتا قابل قبول نہیں، ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے دہشت گردوں کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی۔

معاشی حوالے سے کئے گئے فیصلے سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ اقتصادی روڈ میپ معیشت کی بحالی کے ساتھ عوام کو ریلیف فراہم کرے گا۔