حلقہ بندیوں پر تحفظات،ایم کیو ایم کا جنرل ورکرز اجلاس آج طلب

کراچی: بلدیاتی حلقہ بندیوں کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان اور سندھ حکومت کے درمیان معاملات طے نہ پاسکے، جس کے بعد ایم کیو ایم کی جانب سے آج بروز منگل 3 جنوری کو جنرل ورکرز اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، جس میں حکومت سے علیحدگی سمیت دیگر راستوں پر کارکنان سے رائے لی جائے گی۔

متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان ( ایم کیو ایم ) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان گزشتہ روز پیر 2 جنوری کو ہونے والے مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے۔

دونوں کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں حلقہ بندیوں کے معاملے میں پیش رفت نہ ہو سکی۔ جس کے بعد وفاقی وزراء خصوصی طیارے کے ذریعے واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

بلاول ہاؤس کراچی میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات کئی گھنٹے جاری رہی۔ ملاقات میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ، ایاز صادق اور ملک احمد خان بھی شریک تھے۔

اتحادیوں کے درمیان جمود برقرار رہنے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے آج جنرل ورکرز اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں حکومت سے علیحدگی سمیت دیگر راستوں پر کارکنان سے رائے لی جائے گی۔ دوسری جانب ایم کو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی کے درمیان آج بھی ایک اور اہم ملاقات کا امکان ہے۔

واضح رہے متحدہ قومی موومنٹ کچھ عرصے سے کراچی میں نئی حلقہ بندیاں نہ ہونے کی وجہ سے ناراضی کا اظہار کر رہی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کی جانب سے حالیہ دنوں میں مسئلہ حل نہ ہونے پر حکومت سے علیحدگی کا بیان بھی دیا گیا تھا جس کے بعد وفاقی حکومت متحرک ہوئی۔