اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست ملک کے لیے نقصان دہ ہے،انتخابات کی ضد پوری نہیں ہوگی۔
دادو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا کہ ایم کیوایم سے اختلافات رہے ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے لیکن ہمیں مل کر کام کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، ایم اکیوایم سے معاہدے کے تحت چلنا چاہتے ہیں، مسائل پر بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں، بلدیاتی انتخابات میں تاخیرسے انتظامی امور متاثرہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دوبارہ انتخابات کی ضد پوری نہیں ہوگی، عمران خان کی سیاست ملک کے لئے نقصان دہ ہے، جھوٹ، نفرت جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ملک کو نقصان پہنچاتی ہے، سیلاب سے پہلے نالائق نااہل وزیراعظم کو نکالنا خوش قسمتی تھی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں ایک تہائی زمین سیلابی پانی میں ڈوب گئی، پاکستان میں یہ سیلاب تاریخی تھا اورآج تک سیلاب متاثرین مشکل میں ہیں، اقوام متحدہ سے لے کر شرم الشیخ تک پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکسان سیلاب میں ڈوب گیا، کہیں مثال نہیں ہے کہ ایک تہائی ملک ڈوب گیا، یہ قیامت سے پہلے قیامت ہے۔