پنجاب میں آٹے کی قلت دور کرنےکیلئے قیمت بڑھانے کافیصلہ

لاہور(امت نیوز)پنجاب حکومت نے آٹے کی قلت دور کرنے کے لیے قیمت میں اضافے کا فیصلہ کرلیا
حکومتی ذرائع نے مؤقف اختیار کیا کہ آٹے اور گندم کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ بین الصوبائی اسمگلنگ روکنے اور آٹے کی قلت ختم کرنے کے لیے کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں آٹے کے بحران کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں محکمہ خوراک نے آٹے کی قلت ختم کرنے کیلیے تجاویز پیش کیں اور قیمت میں اضافے کی تجویز بھی دی۔ جس پر کابینہ نے تجاویز کو منظور کرلیا
محکمہ خوراک کی تجویز پر فلور ملز کو فروخت کی جانے والی سرکاری گندم کی قیمت میں 750 روپے اضافہ کیا جائے گا، جس کے بعد سرکاری گندم کی قیمت 2300 روہے سے بڑھ کر 3050 روپے ہو جائے گی۔
گندم کی قیمت بڑھنے کے سبب آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگا اور بیس کلو سرکاری آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 370 روپے کا اضافہ ہوگا جس کے بعد قیمت 1660 روپے تک پہنچ جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں نئی قیمتیں آئندہ ہفتے سے لاگو ہونے کا امکان ہے۔