کراچی(امت نیوز)ایم کیوایم پاکسان کے کنوینرخالد مقبول صدیقی وفد کے ہمراہ پاک سرزمین پارٹی کے دفتر پہنچ گئے۔ انہوں نےسربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال اور دیگر سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ ہر کام کا ایک وقت ہوتا ہے یہ متحد ہونے کا وقت ہے، بلدیاتی انتخابات آرہے ہیں، سب چاہتے ہیں انتخابات ہوں، صوبے پر جن کی حکومت اور اثر رہا ہے وہ انتخابات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں، اس وقت ملک میں بنیادی جمہوریت کےلیےبلدیاتی انتخابات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں بنیادی جمہوریت نہیں ہوگی، انتخابات کا فائدہ نہیں ہوگا، جعلی مردم شماری اور جعلی حلقہ بندیاں کے ذریعے نتائج کو کوئی نہیں مانے گا۔
سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال کا کہنا تھاکہ کوئی ایک جماعت بھی ملک کے حالات کو ٹھیک نہیں کرسکتی، پاکستان معاشی بدحالی کا شکار ہے، ملک کو معاشی بحران سے صرف کراچی نکال سکتاہے،
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جو کوشش کر رہی ہے اُس کا مثبت جواب دیں گی، ایم کیو ایم کی بات سمجھ آتی ہےان کا ساتھ دیں، قوم کے مفاد میں مشکل فیصلے بھی کریں گے، جیسا ماحول چل رہا ہے اس میں مثبت باتیں سامنے آئیں گی۔