صحبت پور:وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ مہنگائی عروج پر ہے اس بات میں کوئی شک نہیں ، نااہلی کی وجہ سے ہم سستی ترین گیس نہیں خرید سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ صحبت پورکے دورے پر کہا کہ پاکستان کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے خود ہمت کرنا ہوگی، ایثار اور قربانی کے جذبے سے آگے بڑھنا ہوگا، ابھی بھی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے کئی سو ارب روپے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بہت ہی خوشی کا دن ہے، صحبت پور کا میرا یہ دوسرا دورہ ہے، پہلے میں یہاں آیا تو یہ پورا علاقہ پانی میں ڈوبا ہوا تھا، خوراک اور دیگر اشیا پہنچانا آسان نہیں تھا، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور دیگر دن رات کام کررہے تھے، میں نے اس طرح کا سیلاب اپنی زندگی میں نہیں دیکھا تھا، سندھ ، بلوچستان ، میدانی علاقے ہر جگہ پانی تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں 12دانش اسکولز کا اعلان بھی کیا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ چیف سیکریٹری بلوچستان سے درخواست ہے وہ اسکولز کے لیے زمین ڈھونڈیں۔