خانیوال میں فائرنگ سےشہید سی ٹی ڈی کے2افسران کی نماز جنازہ ادا

خانیوال (امت نیوز)خانیوال میں گزشتہ روز فائرنگ سے شہید ہونے والے دو افسران کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ۔پنجاب پولیس نے حملہ آور دہشت گرد کی تصویر جاری کردی ،وزیرداخلہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی

سی ٹی ڈی کے دونوں افسران کی نماز جنازہ ملتان، خانیوال اور لاہور میں ادا کی گئی جس میں سول، ملٹری حکام سمیت شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔نماز جنازہ میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم نے بھی شرکت کی اور شہید کی میت کو کاندھا دیا۔

خانیوال میں منگل کے روز دہشت گرد نے فائرنگ کرکے سی ٹی ڈی کے دو افسران کو شہید کردیا تھا۔جن میں آئی ایس آئی کےڈائریکٹر سی ٹی ڈی ونگ نوید سیال اورانسپکٹر ناصر عباس شامل تھے۔دونوں افسران ایک ہوٹل پر کھانا کھا رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار دہشت گرد نے ہوٹل کی پارکنگ میں فائرنگ کی۔عینی شاہدین کا کہناہے کہ ملزم ایک تھا جو حملے کے بعد موٹرسائیکل پر فرار ہوگیا

دریں اثنا ایڈیشنل آئی جی پنجاب پولیس سلطان شہزاد نے حملہ کرنے والے دہشتگرد کی تصویر بھی جاری کر دی ہے اور ان کا بتانا ہے کہ مبینہ دہشتگرد عمیر نیازی کا تعلق خانیوال کے گاؤں 32/10 آر سے ہے

ہوٹل کے پارکنگ ایریا میں فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں دہشتگرد کو فائرنگ کرے دیکھا گیا تھا

دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے خانیوال میں فائرنگ سے 2 سی ٹی ڈی افسران کی شہادت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی

رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی افسران پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، پنجاب میں امن امان کی صورتحال باعث تشویش ہے، پنجاب حکومت ایسے واقعات کے روک تھام کے لیے اقدامات کرے