سعودیہ سے امداد مل جائے گی، پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، اسحاق ڈار

اسلام آباد(امت نیوز) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نےپی ٹی آئی کے وائٹ پیپر کو عوام کوگمراہ کرنےکی کوشش قرار دیتے ہوئےایک بار واضح کیا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا
اسلام آباد میں وفاقی وزرا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اسحاق ڈار کاکہناتھاکہ کل ایک وائٹ پیپر جاری کیا گیا جس میں پی ٹی آئی نے غلط معاشی اعداد و شمار پیش کیے۔ پی ٹی آئی نے جو معاشی اعدادوشمار دیئے وہ درست نہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ’ خدا کے لیے ڈیفالٹ ڈیفالٹ کی گردان بند کریں۔ اس کی گردان کی قمیت ملک ادا کر رہا ہے۔ ہم 1999 میں ڈیفالٹ نہیں ہوئے جب 40 کروڑ ڈالر کے ذخائر تھے۔ 30 جون 2023 تک ملک کی مالی پوزیشن پہلےسے بہت بہتر ہوگی
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا یہ دعویٰ درست نہیں کہ ان کے دور میں 55 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوئیں۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھاکہ حکومت نے 6 ماہ میں 3429 ارب روپے کے ٹیکس محاصل حاصل کیے،  رواں سال 7470 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر اداروں کی نجکاری کریں گے، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام مکمل کرے گی، پاکستان نے جو آئی ایم ایف سے وعدہ کیا ہے اس کو نبھایا جائے گا، آئی ایم ایف کے ساتھ نواں اور دسواں ریویو ایک ساتھ ہو سکتا ہے جبکہ آئی ایم ایف نے سیلاب بحالی کیلئے اخراجات کا پروگرام مانگا ہے۔
اسحاق ڈار نے امید کا اظہار کیا کہ سعودی عرب سے امداد رواں ماہ مل جائے گی۔ان کا کہنا تھاکہ مہنگائی بہت تکلیف دہ ہے، کوشش کی ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’ہماری حکومت کے اختتام پر پالیسی ریٹ 6.5  فیصد تھا۔ تحریک انصاف کی حکومت پالیسی ریٹ کو 13.5 فیصد پر لے گئی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے زرمبادلہ کے ذخائر میں 6.4 ارب ڈالر کی کمی کی ہے۔ موجودہ حکومت نے 1.8 ارب ڈالر کی کمی کی ہے جس کو ہم مانتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت قرض کو جی ڈی پی کے 73.5 فیصد پر لے گئی۔ پی ایم ایل این کی حکومت 63.7 فیصد پر قرض بالحاظ جی ڈی پی چھوڑ کر گئی تھی۔