دنیا بھرمیں کشمیری آج یوم حق خود ارادیت منارہے ہیں

اسلام آباد: لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج (جمعرات) کو یوم حق خود ارادیت منا رہے ہیں اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ کہ وہ اپنی جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے تک جاری رکھیں گے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے اس دن کو منانے کی کال دی گئی ہے۔اس دن کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے منایا جائے گا جس میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا کے تمام بڑے دارالحکومتوں میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، سیمینارز اور کانفرنسز شامل ہیں۔اقوام متحدہ کو یاد دلایا جائے گا کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچانے کے لیے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔

1949 میں آج کا دن تھا جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کے تحت کشمیریوں کے اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کے حق کی حمایت میں قرارداد منظور کی تھی۔یہ قرارداد دیرینہ تنازعہ کے حل کی بنیاد فراہم کرتی ہے لیکن بھارت کا مسلسل ہٹ دھرمی اس مقصد کے حصول کی راہ میں رکاوٹ ہے۔