چینی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ دینے کی یقین دہانی

اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کے مکمل تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق   وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم کے درمیان  ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں  دو طرفہ امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں پاکستان چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پراطمینان کا اظہار کیا گیا

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی بروقت پیش رفت پر آگاہ کیا اور چینی وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے لیے مکمل طور پر محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرے گا۔

جس پر چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کو نہ صرف ایک اسٹریٹجک دوست بلکہ ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھتا ہے جس کا استحکام اور معاشی بہبود خطے اور چین کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

وزیر اعظم نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں سیلاب کے بعد کی تعمیر نو اور بحالی میں تازہ ترین پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا، سیلاب کے لیے چین کی فوری اور فراخدلانہ مدد پر پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

اعلامیہ کے مطابق چینی وزیراعظم لی نے وزیر اعظم کو چین کی جانب سے پاکستان کی تعمیر نو کی کوششوں اور کانفرنس کی کامیابی کے لیے مسلسل حمایت کا یقین دلایا