کراچی (امت نیوز ) ایف آئی اے کے کمرشل بینک سرکل کراچی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تحریک انصاف کے پانچ مختلف شعبوں کی فنڈنگ کا ریکارڈ جلد فراہم کرنے کیلئے دوبارہ مراسلہ تحریر کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل کراچی میں گزشتہ برس ستمبر میں انکوائری نمبر 74/2022 درج ہوئی تھی ۔ یہ انکوائری پاکستان تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ برائے صوبہ سندھ، صوبائی الیکشن برائے پی ایس 13، تحریک انصاف ایس جی سیکریٹریٹ پارٹی، میڈیا سینٹر اور پارٹی خواتین ونگ کے حوالے سے تھی۔ الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر لاء نے 19 اکتوبر کو اس حوالے سے جزوی ریکارڈ ایف آئی اے کو بھجوایا۔ مگر تین ماہ گزرنے کے باوجود مزید ریکارڈوفاقی ادارے کو نہیں بھجوایا گیا ۔
مراسلے میں الیکشن کمیشن سے درخواست کی گئی ہے کہ بقیہ ریکارڈ بھی فوری فراہم کیا جائے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دوران تحقیقات یہ بات سامنے آئی ہےکہ اس مد میں بہت سے اکاؤنٹس ایچ بی ایل کی برانچوں میں آپریٹ ہوئے۔ الیکشن کمیشن آگاہ کرے کہ آیا مندرجہ بالا پانچ شعبے کبھی بھی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہوئے۔ کمیشن سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ تحقیقات جاری رہنے تک ادارے کے کسی افسر کو فوکل پرسن نامزد کیا جائے تاکہ ایجنسی اور کمیشن بہتر انداز میں کوآرڈینیشن کر سکیں۔ واضح رہے کہ مذکورہ تحقیقات وزارت داخلہ کے حکم پر شروع کی گئی تھی ۔