سانحہ مری کی پہلی برسی پر دعائیہ تقریب کا انعقاد

مری ( نمائندہ امت )سانحہ مری کا ایک سال مکمل ہونے پر ہفتے کے روز جی پی او چوک مری میں ایک دعائیہ تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر مری نے کی۔ اس موقع پر سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیےفاتحہ خوانی کی گئی اور ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی ۔
دعائیہ تقریب میں ڈی پی او مری فراز احمد ، ڈپٹی کمشنر مری احمد حسن رانجھا ، اسسٹنٹ کمشنر مری صاحبزادہ محمد یوسف ، اے ڈی سی آر کیپٹن وقار احمد ، ایس ڈی پی او محمد اظہر ، ڈی ایف او وجہی الدین ، چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن انعام الرحیم اور دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی ۔
تقریب میں سنیئر افسران کے علاوہ ہوٹل ایسوسی ایشن ، میڈیا نمائندگان سمیت سیاحوں اور مری کے عوام نے بھی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی ۔۔ تقریب میں شہدائے مری کے درجات کی بلندی کے لیے دُعا کی گئی ۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس سات جنوری کو برفانی طوفان کے نتیجے میں پھنس جانے والے سیاحوں میں سے 22جاں بحق ہو گئے تھے۔ یہ  مری کی تاریخ کا المناک ترین واقعہ تھا جس میں اتنی زیادہ جانیں ضائع ہوئیں۔اس سانحے کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ نے ایک خصوصی بینچ تشکیل دیا تھا جس نے سانحہ کے حوالے سے اپنے فیصلے میں انیس کے قریب انتظامی محکموں اور اداروں کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔جبکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچنے کے لئے گائیڈ لائن بھی فراہم کی گئی تھی۔