لاہور(امت نیوز)پنجاب میں تحریک انصاف کا زور توڑنے پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں کواکٹھا کرکے نئی جماعت بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔جس کے لیے رابطوں اور ملاقاتوں کے سلسلہ کا بھی آغاز کردیا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق یہ نئی جماعت پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت انتخابات میں حصہ لے گی۔ نئی جماعت پنجاب میں پی ٹی آئی کے مضبوط حلقوں میں امیدوار کھڑے کرے گی اور جیت کی صورت میں پنجاب میں اگلا وزیراعلیٰ نئی جماعت سے بھی ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے باغی ارکان جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان اور چوہدری سرور گروپ کے لوگوں کو نئے گروپ میں کلیدی عہدے دئیے جانے پر مشاورت جاری ہے۔
نئے گروپ کی قیادت پی ٹی آئی پنجاب کی سابق اہم شخصیت کرسکتی ہے۔
نئے گروپ کو پنجاب اسمبلی کی 40 سے 45 سیٹیں اور قومی اسمبلی کی کم از کم 15 سے 20 نشستیں جیتنے کا ٹارگٹ دیا جائے گا۔
نئی جماعت کی جیت کی صورت میں پنجاب میں اگلا وزیراعلیٰ اسی جماعت سے ہونے کا قوی امکان ہوگا۔