کورنگی سے 14سالہ 2سہیلیاں پراسرار طور پرلاپتہ

کراچی(امت نیوز)کراچی کے علاقے کورنگی سے دو کم عمر سہیلیاں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئیں ۔ 14سالہ نائلہ دختر محمد نوید اور 14سالہ کنزا بنت محمد جنید اتوار کے روز سہ پہر تین بجے سے لاپتہ ہیں ،پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا

کنزا کے والد محمد جنید نےپولیس کو دی گئی  درخواست میں بتایا کہ  نائلہ کورنگی نمبر دو میں گھر آئی تھی، دونوں گورنمنٹ ملت اسکول کورنگی ٹی ایریا میں ایک ساتھ پڑھتی ہیں اور دونوں کی دوستی بھی اسکول میں ہی ہوئی تھی۔

درخواست کے متن کے مطابق دونوں بچیاں بوقت تین بجے دن گھر میں کام کررہی تھیں اور میں گھر کی چھت پر تھا، ساڑھے تین بجے گھر کی چھت سے نیچے آیا تو دونوں بچیاں گھر میں موجود نہیں تھیں، گھروالوں سے دریافت کیا تو معلوم ہوا دونوں بچیاں گھر سے باہر گئیں ہیں۔

محمد جنید کا کہنا تھاکہ دیر ہوجانے پر تشویش ہوئی اور اسی اثنا میں نائلہ کے والد نوید بھی بیٹی کو لینے آگئے، دونوں نے مل کر بچیوں کو علاقے میں تلاش کیا اور معلومات حاصل کیں لیکن بچیوں سے متعلق معلومات نا ملنے پر پولیس سے رابطہ کیا۔

پولیس نے محمد جنید کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا ہے، اغوا کا مقدمہ تھانہ زمان ٹاؤن میں اغوا کی دفعات 364 اے کے تحت درج کیا گیا۔