لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہاہے کہ پنجاب میں (ن) لیگ کوپہلے بھی مار پڑی، آئندہ بھی انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا،پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم سے متعلق بھی بات چیت ہوئی ،اجلاس میں اپوزیشن کے ہر غیرآئینی ہتھکنڈے کا بھرپور مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں اپوزیشن اقتدار کے خواب دیکھ رہی ہے،خوابوں میں گم اپوزیشن کے پاس نمبرز ہی پورے نہیں ، پنجاب میں (ن )لیگ کوپہلے بھی مار پڑی، آئندہ بھی انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،پروپیگنڈا کرنیوالی فیکٹری (ن)لیگ کے گھر لگی ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پروپیگنڈا کرنے والے جان لیں، ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے،کوئی کسی خوش فہمی میں نہ رہے، عمران خان کے ساتھ ہیں، غلط فہمیاں پیدا کرنیوالے پہلے کی طرح ناکام رہیں گے۔