نان بائی ایسوسی ایشن کے مطابق کل لاہور میں ہنگامی اجلاس ہوگا۔فائل فوٹو
 نان بائی ایسوسی ایشن کے مطابق کل لاہور میں ہنگامی اجلاس ہوگا۔فائل فوٹو

سوات میں روٹی 30،پراٹھا50 کا ہوگیا ،چائے بھی 10روپے مہنگی

سوات(بیورورپورٹ) سوات میں آٹے کی قلت اور قیمتوں میں اضافے پر نانبائیوں نے روٹی کاوزن کم کرکے قیمت 30روپے تک بڑھادی۔ پراٹھا50روپے کا ہوگیا ۔ چائے بھی مہنگی کردی گئی  ۔ایسے میں انتظامیہ کہیں نظرنہیں آرہی ۔

صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح سوات میں بھی آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں اور 20کلوگرام کا تھیلا 3100روپے سے بھی تجاوز کرگیا ۔سستے سرکاری آٹے کا حصول بھی عوام کے لئے مشکل بن گیا ہے اور محدودتھیلوں کے باعث بہت کم شہری اس سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب ہورہے ہیں ۔

آٹے کی قیمتیں بڑھنے کے بعد نانبائیوں نے بھی نرخ بڑھادئے ہیں اور روٹی کا وزن انتہائی کم کرنے کے باوجود بھی نرخ 20روپے سے بڑھا کر 30روپے کردیاہے ۔پراٹھے کی قیمت بھی بڑھا کر 50روپے کردی گئی ہے۔ مہنگائی کے مارے عوام کے لئے چائے پینا بھی مشکل بنادیا گیا ہے اور فی کپ کی قیمت 30روپے سے بڑھا کر 40اور اسپیشل چائے کی قیمت فی کپ 50روپے کردی گئی ہے۔

دوسری جانب سوات کے علاقے اوڈیگرام میں شہریوں نے آٹا نہ ملنے پر فلورملز کے سامنے جی ٹی روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سرکاری آٹا فراہمی کا مطالبہ کرتے رہے۔ سیکڑوں مظاہرین نے ملز سے آٹا نہ ملنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا ور پشاورمینگورہ کی مرکزی شاہراہ کو ہرقسم کے ٹریفک کے لئے بند کردیا،مظاہرین نے انتظامیہ اورحکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور حکومت سے فوری طور پر آٹا بحران ختم کرنے کا مطالبہ کیا،بعدازاں پولیس حکام نے مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کرکے روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔