پشاور( امت نیوز)پشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصررشید خان نے صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر محکمہ خوراک کے اعلیٰ افسران کوکل عدالت طلب کرلیا۔
پشاورہائیکورٹ نے صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے نوٹس لے لیا۔ عدالت نے آج وفاقی اور صوبائی سیکریٹری فوڈاور ڈائریکٹر فوڈ کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس قیصر رشیدخان نے استفسارکیا کہ کیا اس صوبے میں کوئی وزیرخوارک ہے؟عوام آٹے کیلیے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہوگئی ہیں۔حکومت ڈالروں کے پیچھے بھاگتی ہے لیکن عوام کو کچھ نہیں دے رہی۔پشاور ہائی کورٹ نے آٹے کی قیمتوں کے معاملے پر محکمہ خوراک کے وفاقی و صوبائی اعلیٰ حکام کو طلب کرلیا ۔
واضح رہے پشاور سمیت صوبے بھرمیں گزشتہ چند ہفتوں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 800 روپے سے زائد کا اضافہ ہواہے جبکہ صوبے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3000 روپے سے تجاوز کر گیا ہے ۔