اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف نے کوئی غیرآئینی اقدام کیا تو حکومت گورنر راج نافذ کر سکتی ہے۔عدالت سے عمران خان کو کوئی ریلیف نہیں ملنے والا
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آئین میں لکھا ہے کہ وزیر اعلیٰ اعتماد کا ووٹ نہ لیں تو وہ وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے، گورنر کی مرضی ہے ان سے جب بھی اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ دیں۔
وزیرداخلہ نے زور دیا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ان کے پاس نمبر پورے نہیں ہیں ، اگر ہیں تو اعتماد کا ووٹ لے لیں، حمزہ شہباز ہی وزیر اعلیٰ کے متفقہ امید وار ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے علم میں نہیں کہ وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی سے کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں، اگر یہ غیر آئینی اقدام کریں گے تو حکومت گورنر راج نافذ کر سکتی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ الیکشن تو تب ہی ہوتے کہ اسمبلیاں توڑ دی جاتیں، ابھی تو کے پی کے کی اسمبلی توڑنے سے بھی بھاگ رہے ہیں، اگر گورنر راج لگ گیا تو اسکا وقت 6 مہینے تک ہو گا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک دشمن ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، وہ اور اس کے ورکرز گمراہی کی آخری حد کو پہنچے ہوئے ہیں، ایک مہینے سے اسمبلیاں توڑنے کا رونا رو رہے ہیں اس صورت حال میں گورنر کا حق ہے کہ وہ اپنا اختیار استعمال کریں