لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپوزیشن پر پی ٹی آئی کے پانچ ارکان اسمبلی کو ایک ارب بیس کروڑ روپے رشوت کی پیشکش کا الزام عائد کیا ہے
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مومنہ وحید نے پانچ کروڑ روپے لے کر انحراف کیا، اُن کے جانے کے باوجود بھی ہمارے 188 نمبر پورے ہیں جبکہ اب اپوزیشن اور پی ڈی ایم مزید اراکین کو رشوت کی پیش کش کررہی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے ہمارے پانچ اراکین کو 1 ارب بیس کروڑ روپے کی پیش کش ہوئی ہے مگر وہ دھمکیوں اور بھاری رقم کی پیش کش کے باوجود پارٹی کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوریت پر یقین نہیں رکھتی، ملکی ادارے کسی ایک جماعت کو سپورٹ نہیں کررہے
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز 21 بل منظور کر کے اپنی عددی اکثریت ثابت کردی ہے، بلوں کی منظوری ہی دراصل وزیراعلیٰ پرویز الہی پر اعتماد کا اظہار ہے۔