کراچی: الیکشن کمیشن نے فول پروف سکیورٹی کے لیے انسپیکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کو خط لکھ دیا۔ خط میں کراچی اور حیدرآباد میں 15جنوری سے الیکشن حوالہ دیتے ہوئے شفاف الیکشن کے انعقاد کے لئے سخت اقدامات اور انتخابات کو صاف و شفاف اور پُرامن ماحول میں کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کو بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کرنے کے لئے کراچی پہنچنے کی ہدایت کردی جس کے تحت وہ کل شہر قائد پہنچیں گے۔
گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے سیکریٹری داخلہ کو خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد بلدیاتی انتخابات کے لئے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر فوج اور رینجرز کی تعینات کی جائے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 15 جنوری کو ہی بلدیاتی انتخابات کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیصلے میں کہا کہ کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق کروائے جائیں، انتخابات پرانی ووٹر لسٹوں کے تحت ہی ہوں گے۔