مونس الہیٰ کے دوست لاہورہائیکورٹ میں پیش ہوگئے

لاہور: مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی کے لاپتا قریبی دوست احمد فاران خان لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوگئے۔ مونس الٰہی کے قریبی دوست احمد فاران خان کی بازیابی کے حوالے سے سی سی پی او لاہور عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ احمد فاران کی بازیابی پر جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست نمٹا دی۔

اس موقع پرصحافی نے احمد فاران سے سوال کیا کہ آپ کے سر پر زخم کے نشان کیسے ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ابھی آتے ہوئے گاڑی کا دروازہ لگا ہے جس کی وجہ سے زخم آیا۔

چند روز قبل مونس الٰہی نے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ لاہورمیں ان کے ایک دوست کو 2  کالی ویگو میں سوار افراد نے اٹھا لیا۔ ایف آئی اے والے قسمیں کھا رہے ہیں کہ انہوں نے نہیں اٹھایا۔

لاہور ہائی کورٹ میں مونس الٰہی کے قریبی دوست کی مبینہ غیر قانونی حراست کے خلاف سماعت میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ احمد فاران خان  کو ایف آئی اے نے گرفتار نہیں کیا نہ ہی ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہے۔