کراچی (اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر نےکہاہے کہ نویں و دسویں جماعت (سائنس و جنرل گروپ) کے سالانہ عملی امتحانات2023ء بورڈ کی جانب سے 2022ء میں جاری کردہ نصاب کے مطابق ہی لئے جائیں گے
انہوں نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نصاب جلد ہی دوبارہ بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر جاری کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی فیصلے کی روشنی میں تمام نظری مضامین کے سالانہ امتحانات 2023ء نہم و دہم جماعت(سائنس و جنرل گروپ) ریگولر و پرائیویٹ کے سالانہ امتحانی پرچہ جات کا 20 فیصد حصہ معروضی (لازمی) کثیر الانتخابی سوالات، 40 فیصد مختصر جواب کے سوالات اور 40 فیصد بیانیہ جواب کے سوالات پر مشتمل ہوگا۔ اس سلسلے میں بورڈ کی جانب سے جنوری کے آخری ہفتے میں ایک ورکشاپ منعقد کر کے نئے ماڈل سوالیہ پیپرز کا اجراء کر دیا جائے گا۔ جو کہ بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر ڈاؤن لوڈ کر دیا جائے گا۔