کراچی میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری،کالج میں گھس کر پروفیسرکو لوٹ لیا

کراچی(امت نیوز)شہرقائد میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری حد سے بڑھ گئی ،سعودآباد صابر کالونی میں سرکاری کالج میں گھس کر پروفیسر کو لوٹ لیا

سعود آباد صابر کالونی میں قائم گورنمنٹ ڈگری کالج میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو پروفیسر کو اسلحے کے زور پر لوٹ کر فرار ہوگئے۔

بتایا جاتا ہے کہ  بدھ کی دوپہر پونے تین بجے کے قریب کالج میں ایوننگ کلاسز کے لیے پروفیسر شیخ طارق جمیل نے اپنی موٹر سائیکل پر کالج کے مین گیٹ سے اندر داخل ہو کر کچھ ہی فاصلہ طے کیا تھا کہ ان کے تعاقب میں آنے والے موٹر سائیکل پر 2 اسٹریٹ کرمنلز نے انھیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر موبائل فون اور پرس چھین لیا جس میں کچھ نقدی ، شناختی کارڈ ، ڈرائیونگ لائسنس اور کریڈ کارڈز تھے

کالج کے پرنسپل نے آئی جی سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ کالج سمیت علاقے میں پولیس کے مؤثر گشت کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ واقعہ کی رپورٹ کھوکھرا پار تھانے میں درج کرا دی گئی ہے۔