لاہور(اُمت نیوز)پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ کی کارروائی مسلم لیگ ن نے مستر د کردی ہے اور پنجاب اسمبلی کی کارروائی کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
لاہور میں ن لیگی رہنمائوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے اندر اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کو مسترد کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کو بلڈوز کیا گیا ہے، اسمبلی کی کارروائی 7سے 8 گھنٹے تک محیط کی گئی تھی۔ہیرا پھیری کرتے ہوئے غیر قانونی او رغیر آئینی کام کیا ہے۔ ہم اس کو نہیں مانتے ہیں۔
لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ عدالت میں ہم ثابت کرینگے کہ ان کے پاس 186 ارکان نہیں تھے۔
واضح رہے کہ وزیراعلی’ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے۔ اعتماد کا ووٹ بارہ جنوری جمعرات کا دن شروع ہوتے ہی ابتدائی اوقات میں خصوصی طور پر اجلاس میں لیا گیا ۔ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کی اتحادی حکومت کے اراکین کی تعداد ایک سو نوے ہے اور تین سو اکہتر کے ایوان میں سادہ اکثریت کے لئے ایک سو چھیاسی اراکین کی حمایت درکار تھی ۔