قانونی رکاوٹ نہ ہوئی تو آج پنجاب اسمبلی تحلیل ہوجائے گی: فواد چوہدری

لاہور : تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ اگر کوئی قانونی رکاوٹ نہ ہوئی تو جمعرات ( آج ) کو پنجاب اسمبلی تحلیل ہو جائے گی جس کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کو بھی تحلیل کر دیا جائے گا، عمران خان کا ایجنڈا نئے انتخابات ہیں ، ہم انتخابات ہی چاہتے ہیں اور اسی جانب بڑھیں گے۔

پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ ملنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ بڑے دنوں بعد آج لاہور میں دھند چھٹی ہے اور بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوبصورت ہوا، آصف زرداری ، رانا ثناء اللہ اور عطاء تارڑ کو بھی آج اس اچھے موسم میں واپس بھاگنا پڑا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ لوگ کہتے تھے کہ پنجاب میں اگر تبدیلی نہ آئی تو ہم اپنا نام بدل لیں گے، انہوں نے اپنا نام کیا بدلنا ہے ہم نے ان کا نام چنوں منوں رکھ دیا ہے، یہ لوگ جس طرح آج بھاگے ہیں یہاں سے آپ سب کے سامنے ہیں۔