روسی پرواز کا دروازہ کھل گیا-طیارہ حادثے سے بچ گیا

ماسکو(امت نیوز)روس کی ایک کمرشل پرواز کے دوران طیارے کا عقبی دروازہ اچانک کھل گیا جس کے نتیجے میں مسافروں کا سامان اڑگیا تاہم طیارہ حادثے سے بچ گیا۔ اس دوران ایک مسافر نے نتیجے کی پرواہ کیے بغیر واقعے کی وڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

امریکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روسی کمرشل طیارے کا عقبی دروازہ پرواز کے دوران کُھل گیا جس کے باعث مسافروں کا سامان اور سروں پر پہنی ٹوپیاں جہاز سے باہر اُڑ گئیں۔جہاز میں سوار 33 سالہ مسافر سرجی لیدرک نے دلیرانہ انداز میں تمام منظر کیمرے کی آنکھ میں اتار لیا اور پھر وڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جس کے بعد اسے وائرل ہونے میں زیادہ وقت نہ لگا۔رپورٹ کے مطابق طیارے نے مائنس 41 ڈگری درجہ حرارت میں میں سائبیریا کے دور افتادہ شہر ماگن سے اڑان بھری، یہ پرواز روس کے بحرالکاہل کے ساحل پر مگدان جارہی تھی۔تاہم روس پہنچنے سے قبل ہی اس کا پچھلا دروازہ کھل گیا، پرواز میں عملے سمیت کُل 25 مسافر سوار تھے ، خوش قسمتی سے کسی کو جانی نقصان نہیں ہوا البتہ کئی افراد کا سامان ہوا میں اُڑ گیا۔