پشاور ہائی کورٹ نے آٹا بحران سے متعلق سماعت کے دوران کم قیمت میں دستیابی کا بتانے پر سیکریٹری اورڈی جی فوڈ کو مارکیٹ کادورہ کرنے کا حکم دیدیا۔
صوبے میں آٹے کے بحران سے متعلق سماعت کےدوران ڈی جی اور سیکریٹری خوراک اورایڈیشنل سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ خوراک کا محکمہ کہاں ہے،کیا یہ محکمہ موجود بھی ہے؟ آٹااتنا مہنگا کر دیا گیا ہے کہ عوام کوایک وقت کی روٹی نہیں مل رہی۔ حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں ، لوگ 30 روپےکی کاغذی روٹی خریدے پرمجبور ہیں۔
سیکریٹری فوڈ نے عدالت کو بتایا کہ آٹے کی قیمت کم ہوئی ہے،20 کلو کا تھیلا 2400 روپےکا مل رہا ہے۔ اس پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کہاں مل رہا ہے۔
عدالت نے سیکریٹری اور ڈی جی فوڈ کو مارکیٹ کادورہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ روٹی کی قیمت بھی20سےزائد نہیں ہونی چاہیے۔ اس کیس کو کچھ دیر بعد دوبارہ سنتے ہیں۔