بلوچستان میں سخت سردی نے سیلاب زدگان کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے_ متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ سماجی شعبہ بھی سرگرم ہے_ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں نے کراچی کی سماجی تنظیم کے تعاون سے زیارت، دشت مستونگ اور دوسرے علاقوں میں سیلاب زدگان اور سفید پوش ایک ہزار گھرانوں میں خشک راشن، لحاف، کمبل، گیس کے چولہے اور سردیوں کے کپڑے تقسیم کئے ہیں_ سبیل مصطفیٰ آسٹریلیا نے دعا فاؤنڈیشن کے تعاون سے زیارت اور دوسرے شہروں میں تقریبات منعقد کیں جن میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی_ اس موقع سماجی کارکنوں ممتاز عالم، عامر خان، عدنان رشید اور سید نعمان کا کہنا تھا کہ شدید طوفانی بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان شدید متاثر ہوا- بیرون ملک مقیم پاکستانی ہرمشکل وقت میں اہل وطن کے کام آتے ہیں_ زلزلہ ہو، بارش یا کوئی بھی قدرتی یا زمینی آفت حکومتوں کے ساتھ ساتھ سماجی تنظیمیں اپنے بھائیوں کی مدد میں پیش پیش رہتی ہیں_ اس موقع پر زیارت کے سیلاب متاثرین نے فلاحی تنظیموں کیلئے تشکر کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی شدید سردی میں کراچی سے دعا فاؤنڈیشن اور سبیل مصطفیٰ فاؤنڈیشن کے رضاکار مبارک باد اور تحسین کے مستحق ہیں، جو منفی درجہ حرارت میں بھی اہل وطن کی دن رات خدمت میں مصروف ہیں_ سماجی تنظیموں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ ان کا ریلیف آپریشن سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک جاری رہے گا