سوات میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند،بجلی کی فراہمی معطل

سوات(بیورورپورٹ) سوات کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا،بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی،رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگ محصور ہوکر رہ گئے،مالم جبہ اور کالام سمیت مرکزی شاہراہیں  کھولنے کے لئے مسلسل برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔

سوات میں تیسرے روز بھی برفبار ی کا سلسلہ جاری رہا اور شدید برفباری کے باعث تحصیل مٹہ،مالم جبہ،بحرین اور دیگر علاقوں میں رابطہ سڑکیں برف سے ڈھک جانے سے ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہیں اور لوگوں کو آمدودرفت میں شدید مشکلات کاسامنا ہے تاہم کالام،مالم جبہ،گبین جبہ کی مرکزی شاہراہوں سے مسلسل مشینری کے ذریعے برف ہٹائی جارہی ہے لیکن شدید برفباری سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوگیا ہے

دوسری جانب بالائی علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہے اور کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ، محکمہ موسمیات نے جمعہ کے روز مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔