کراچی:بیوی سے جھگڑےپرباپ نے2بچوں کو سمندر میں پھینک دیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہاکس بے کے ساحل پر سفاک باپ نے بیوی  سے جھگڑے کے بعد دوبچوں کو سمندر میں پھینک دیا ۔ پولیس نے باپ کو حراست میں لے کر بچوں کی تلاش شروع کردی ہے

ماڑی پور کے علاقے ہاکس بےپر سمندر میں دو بچوں کے ڈوبنے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا ۔ ریسکیو عملے اور لائف گارڈ نے بچوں کی تلاش شرو ع کردی

اس حوالے سے ایس ایچ او غلام حسین کورائی نے بتایاکہ گلشن اقبال عیسیٰ نگری کے رہائشی کاشف رضا کا اہلیہ سے کسی بات پر جھگڑا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے کاشف رضا اپنے دو بچوں کو لے کر ہاکس بے آیا اور انھیں سمندر میں پھینک دیا ،

عینی شاہدین نے بتایا کہ دو سے تین بار سمندر کی لہروں نے بچوں کو باہرکی طرف اچھالا مگر سفاک باپ نے ہربار انھیں سمندر میں ڈبویا اس کے بعد وہ سمندر سے باہر نہیں نکل پائے

پولیس نے کاشف رضا کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا، ایس ایچ او کے مطابق مبینہ ملزم کاشف  نے اپنے بچوں کے نام8سالہ کیڈرک اور6سالہ کینڈرکٹ بتائے ، جنہیں ریسکیو عملے اور لائف گارڈز نے کافی تلاش کیا لیکن ان کی لاشیں نہیں مل سکیں

پولیس کے مطابق رات ہونے کی وجہ سے تلاش کا عمل روک دیا گیا اورجو دوبارہ جمعہ کی صبح شروع کیا جائے گا ، پولیس نے بتایاکہ بچوں کی لاشیں نکالنے کے بعد ملزم کاشف رضا کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا ۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے