کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد جماعت اسلامی کراچی نے آج دوپہر 3 بجے الیکشن کمیشن کے باہر دھرنے کا اعلان کر دیا۔
ادارہ نور الحق میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے سندھ حکومت کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ سے خوفزدہ ہو کر الیکشن ملتوی کیے گئے انہوں نے کہا کہ آج دھرنے میں آئندہ کےلائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا الیکشن 15جنوری کو ہی ہونگے اور جیت جماعت اسلامی کی ہی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو جمہوری اور سیاسی حق سے محروم کیا گیا، عوام نے تمھیں مسترد کر دیا تم صرف اپنے لیے ڈیل کرتے ہو۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ابھی سے کہنا شروع کر دیا ہے کہ ہم شریف کیا ہوئے سب بدمعاش ہوگئے، آجاؤ اور بدمعاشی کر کے دکھاؤ، ایم کیو ایم ہمیشہ پیپلز پارٹی سے سودے بازی کرتی رہی اور اب بھی رات کی تاریکی میں شب خون مارا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کو کراچی کی بات کرنے کا کوئی حق نہیں یہ لوگ الیکشن کمیشن پر500 بندے جمع نہ کرسکے الیکشن کمیشن ان کا خط واپس کردے الیکشن کمیشن سےمطالبہ ہے کہ الیکشن ملتوی نہ کریں۔